20 جنوری ، 2025
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں اغوا ہونے والے بچے صارم کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قتل اور زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔
ایس ایس پی انیل حیدر کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں صارم سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ صارم کی گردن کی ہڈی ٹوٹی پائی گئی، اسےگلا دباکر قتل کیا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق صارم کوپانچ روز قبل قتل کیا گیا تھا اورپھرلاش پھینکی گئی، شک کی بنیاد پر بچےکے قریبی رشتے دار کو حراست میں لے لیا ہے، زیر حراست ملزم کا ڈی این اے بھی کرایا جا رہا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹرسمعیہ نے بھی صارم سے زیادتی کی تصدیق کی ہے۔
ڈاکٹرسمعیہ کے مطابق بچے کے جسم پر مختلف زخموں کے نشانات بھی موجود تھے، اب تک کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچے سے زیادتی ہوئی ہے۔
خیال رہےکہ نارتھ کراچی کے رہائشی7 سے8 سال کے صارم کی لاش 11 روز کی تلاش کے بعد ایک روز قبل بلڈنگ کے انڈرگراؤنڈ ٹینک سے ملی تھی۔ صارم کی نماز جنازہ گزشتہ روز نارتھ کراچی میں گھر کے قریب ادا کی گئی تھی۔