21 جنوری ، 2025
دو منٹ کی سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج پاکستان میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں مبینہ طور پر کتوں کو کراچی کی ایک سڑک پر ایک خاتون کو گھسیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو آن لائن صارفین میں تشویش پیدا کر رہی ہے اور بہت سے لوگ سندھ حکومت کو اس واقعے پر کارروائی نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
دعویٰ بے بنیاد ہے۔
18 دسمبر کو ایک فیس بک صارف نے دو منٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج پوسٹ کی، جس میں مبینہ طور پر کتوں کے ایک گروہ کو ایک خاتون کو سڑک پر گھسیٹتے اور پھر اس پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
صارف نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ”محترم جناب مرتضی وہاب صاحب تک یہ ویڈیو پہنچائی ہے۔“ اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 413 مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
اسی طرح کے دعوے فیس بک اور تھریڈ پر بھی سامنے آئے۔
یہ ویڈیو پاکستان کی نہیں بلکہ بھارت کی ہے، جس کی تصدیق بھارت میں ہونے والے ایک فیکٹ چیک اور میڈیا رپورٹس سے ہوئی ہے۔
بھارت میں فیکٹ چیک کرنے والی ایک آزاد فیکٹ چیکنگ ویب سائٹ آلٹ نیوز (Alt News ) کے ایک سینئر فیکٹ چیکر ابھیشیک کمار نے جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ یہ فوٹیج پنجاب کے شہر جالندھر میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ ابھیشیک کمار نے آگرہ پولیس کمشنریٹ (Agra Police Commissionerate ) کی طرف سے X (سابقہ ٹوئٹر) پر کی جانے والی ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ واقعہ جالندھر میں پیش آیا۔
کتوں کے گرو ہ کے حملے کا واقعہ 16 دسمبر کو انڈیا ٹوڈے (India Today) نے بھی رپورٹ کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ویڈیو جالندھر میں ریکارڈ کی گئی تھی، جہاں ایک 65 سالہ خاتون کتوں کے حملے کا شکار ہوئیں۔
اس مکمل رپورٹ کو یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔
فیصلہ:پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک خاتون پر کتوں کے ایک گروہ کے حملہ کیے جانے والی وائرل ویڈیو پاکستان کے شہر کراچی کی نہیں بلکہ بھارت کی ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔