21 جنوری ، 2025
چین میں ایک جوڑا انٹرنیٹ پر وائرل ہوا ہے کیونکہ حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے کے ماضی نے لوگوں کو دنگ کر دیا ہے۔
20 سال قبل اسکول میں ایک شو کے دوران ان دونوں نے بچپن میں شوہر اور بیوی کا کردار ادا کیا تھا۔
زینگ اور اس کی اہلیہ (نام ظاہر نہیں کیا گیا) کی شادی 7 جنوری 2025 کو صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر Chaozhou میں ہوئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی شادی جس اسکول میں ہوئی، 20 سال قبل وہ دونوں وہاں پڑھتے رہے تھے اور اسٹیج پر انہوں نے میاں بیوی کے کردار ادا کیے۔
اس پرانے شو کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر سامنے آئی جس میں دونوں بچوں نے شاندار عروسی ملبوسات پہنے ہوئے ہیں اور چہرے پر میک اپ موجود ہے۔
ان کے ساتھ متعدد دیگر بچوں نے اس شو میں کام کیا اور وہ دلہا و دلہن کے ساتھی بنے تھے۔
اسکول سے فارغ ہونے کے بعد یہ دونوں الگ الگ پرائمری اسکولوں میں داخل ہوگئے تھے۔
یہاں تک کہ 2022 تک ان کی کبھی ملاقات بھی نہیں ہوئی۔
2022 میں اسکول کے شو کی فوٹیج زینگ کے ایک دوست نے شیئر کی۔
زینگ کی والدہ نے یہ ویڈیو دیکھی تو انہوں نے بیٹے کو اس لڑکی کو تلاش کرنے کی ہدایت کی تاکہ حقیقت میں دونوں ایک دوسرے کے قریب آسکیں۔
زینگ اس وقت غیر شادی شدہ تھا اور اس کے والدین چاہتے تھے کہ وہ جلد شادی کرلے۔
اسکول کی ٹیچر کی مدد سے زینگ نے اپنی ہونے والی اہلیہ کو تلاش کیا جو غیر شادی شدہ ہی تھی۔
دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے اور اب شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔