22 جنوری ، 2025
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کھارادر گولڈ مارکیٹ میں چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نعمان صدیقی کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے حوالہ ہنڈی کی خفیہ اطلاع پر کھارادر گولڈ مارکیٹ میں کارروائی کی۔
نعمان صدیقی کے مطابق کارروائی کے دوران جیولرز شاپ سے 48 لاکھ روپے کی غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی جب کہ غیرملکی کرنسیوں کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم بلال احمد کو گرفتار کیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ برآمد کی جانے والی غیر ملکی کرنسی میں 13 ہزار امریکی ڈالر، 7 ہزار درہم، 6 ہزار ریال اور ایک ہزار کینیڈین ڈالر شامل ہیں جب کہ ایک کروڑ 2 لاکھ روپے پاکستانی کرنسی بھی ملی ہے۔
نعمان صدیقی کے مطابق کارروائی میں موبائل فون بھی برآمد ہوا اور حوالہ ہنڈی کے شواہد مل گئے۔