فیکٹ چیک: اسکولوں میں بچوں کو PTI کا گانا گانے پر مجبور کیا جا رہا ہے؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا گانا گانے والے بچوں کی ویڈیو 2018 میں ریکارڈ گئی تھی

بچوں کے گانا گانے کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں طلبہ کو پاکستان کے قومی ترانے کی جگہ صوبے میں حکمران سیاسی جماعت کے گانے گانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

دعویٰ گمراہ کن ہے اور ویڈیو پرانی ہے۔

دعویٰ

15 جنوری کو ایک صارف نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر بچوں کی ایک منٹ کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ پی ٹی آئی کا انتخابی نغمہ گا رہے تھے۔ صارف نے دعویٰ کیا کہ مردان کے ایک اسکول میں بچوں کو قومی ترانے کے بجائے یہ گانا گانے کو کہا جا رہا ہے۔

اس پوسٹ میں لکھا گیا: ”مردان اسکول میں قومی ترانے کی جگہ پی ٹی آئی کے ترانے بجائے جانے لگے، یہی تعلیم دی جائے گی القادر یونی ورسٹی میں۔“ اس ٹویٹ کو 10ہزار سے زائد بار دیکھا، 280 سے زیادہ دفعہ ری پوسٹ اور 467 سے زیادہ مرتبہ لائک کیا گیا۔

فیکٹ چیک: اسکولوں میں بچوں کو PTI کا گانا گانے پر مجبور کیا جا رہا ہے؟

یہی ویڈیو ایک اور صارف نے اس دعوے کے ساتھ شیئر کی کہ 2024 کے انتخابات کے بعد خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد طلبہ کو پاکستان کے قومی ترانے کے بجائے پی ٹی آئی کا ترانہ گانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

صارف نے مزید کہا: ”اسطرح پاکستان کی آنے والی نئی نسل کے ذہنوں کو برین واش کیا جا رہا ہے، ارباب اختیار ہوش کے ناخن لیں۔“

فیکٹ چیک: اسکولوں میں بچوں کو PTI کا گانا گانے پر مجبور کیا جا رہا ہے؟

حقیقت

زیر بحث ویڈیو حالیہ نہیں ہے۔ یہ 2018 میں ریکارڈ گئی تھی جو کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حالیہ انتخابی کامیابی سے بہت پہلے کی بات ہے، مردان کے ضلعی تعلیمی افسر اور میڈیا رپورٹس سے بھی اس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مردان کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد محمد نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ ویڈیو چھ سال پہلے ریکارڈ کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ حالیہ دنوں میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

انہوں نے کہا: ”میں پچھلے دو سالوں سے ادھر کام کر رہا ہوں اور میری نظر میں ایسا کوئی واقعہ کبھی بھی نظر میں نہیں آیا، یہ ویڈیو 2018 کی ہے جب ایک بچے نے ایک پروگرام میں پی ٹی آئی کا گانا گایا تھا جیسے پیرنٹ-ٹیچر ڈے ہوتا ہے جس کے بعد تقریب میں موجود ٹیچر، اسکول کے سربراہ اور اسسٹنٹ سب ڈویژن ایجوکیشن آفیسر کو اس وقت کی پی ٹی آئی حکومت نے معطل کر دیا تھا۔“

جیو فیکٹ چیک کو نومبر 2018 کی ایک خبر بھی ملی جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے اس واقعہ کا نوٹس لیا تھا۔ نیوز رپورٹ میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ بچوں کو سیاسی گانے گانے پر مجبور کیا گیا تھا جس پر ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔

فیصلہ: پی ٹی آئی کا گانا گانے والے بچوں کی ویڈیو 2018 میں بنائی گئی تھی۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد حکام نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ملوث اساتذہ کو معطل کر دیا تھا۔ یہ دعویٰ کہ یہ واقعہ حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کے دوران پیش آیا، غلط ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔