22 جنوری ، 2025
کراچی کے علاقے گارڈن سے 14 جنوری کو لاپتہ ہونے والے دوبچوں کا تاحال پتہ نہ چل سکا۔
گارڈن کے علاقے سے 14 جنوری کو پانچ سالہ عالیان اور 6 سالہ علی رضا گھر کے باہر سے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔ گارڈن پولیس نے واقعے کا مقدمہ اغوا کی دفعہ کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا لیکن کئی روز گزرنے کے بعد بھی بچوں کا اب تک کچھ پتا نہیں چل سکا۔
اس سلسلے میں بدھ کی شام گارڈن کے علاقے سے گزرنے والی لیاری ندی اور آس پاس کی جھاڑیوں سمیت مختلف ٹینک اور کنوؤں میں بھی بچوں کی تلاش کی گئی لیکن کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
پولیس تفتیش میں نیا موڑسامنے آگیا اور چند روزقبل حاصل کی گئی بچوں کی سی سی ٹی وی ویڈیو کسی اور خاندان کی نکلی۔
ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ بچوں کی تلاش کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی گئی ہیں لیکن فوری طور پر کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوسکی اور تحقیقات جاری ہے۔