Time 23 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

چاقو حملے کے بعد سیف کی سکیورٹی کی ذمہ داری کس بالی وڈ اداکار کو دیدی گئی؟

چاقو حملے کے بعد سیف کی سکیورٹی کی ذمہ داری کس بالی وڈ اداکار کو دیدی گئی؟
رونت رائے منگل کی شام سيف علی خان کے باندرا میں واقع گھر پر موجود تھے اور اداکار کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے نظر آئے—فوٹو: بھارتی میڈیا

چاقو حملے میں زخمی ہونے کے بعد بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

16 جنوری کو رات 3 بجے کے قریب سیف علی خان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔

مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔

سیف علی خان کو زخمی ہونے کے بعد گھر کی گاڑی کے بجائے رکشہ میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا۔

اسپتال پہنچنے پر سیف کا آپریشن کرکے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا اور اداکار کو تقریباً 6 دن کے بعد منگل کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

سیف علی خان پر چاقو حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے گھر کے اطراف میں سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان کی سیکورٹی کی ذمہ داری اب بالی وڈ اداکار رونت رائے کی سکیورٹی ایجنسی کو سونپ دی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیف علی خان کے خاندان نے اداکار کی سکیورٹی بڑھاتے ہوئے یہ ذمہ داری اب رونت رائے کی ایجنسی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

رونت رائے منگل کی شام سيف علی خان کے باندرا میں واقع گھر پر موجود تھے اور اداکار کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے نظر آئے۔  

رونت رائے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس مشکل وقت میں سیف کے ساتھ ہیں۔

تاہم انہوں نے اداکار کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کی تفصیلات سے متعلق میڈیا کو بتانے سے گریز کیا۔

مزید خبریں :