23 جنوری ، 2025
بھارت کے شہرہ آفاق کامیڈین کپل شرما سمیت 4 معروف شخصیات کو قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سگندھا مشرا، کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا، اداکار راج پال یادیو اور کپل کو قتل کرنے کی ای میلز موصول ہوئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ دھمکیاں بیرون ملک سے موصول ہوئی ہیں۔
بی این ایس کی دفعہ 351(3) کے تحت ایک نامعلوم شخص کے خلاف امبولی پولیس میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس کی پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس نے انکشاف کیا کہ ای میل میں لکھا تھا 'ہم آپ کی حالیہ سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ یہ ضروری ہے ہم آپ کی توجہ ایک حساس معاملے کی طرف دلائیں'۔
ای میل میں درج تھا 'یہ کوئی پبلسٹی اسٹنٹ یا آپ کو ہراساں کرنے کی کوشش نہیں ہے، ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ اس پیغام کو انتہائی سنجیدگی اور رازداری سے لیں'۔
ای میل بھیجنے والے نے اختتام پر نام 'بِشنو' لکھا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ای میل میں ان مشہور شخصیات سے 8 گھنٹے میں جواب طلب کیا گیا ورنہ انہیں ذاتی اور پیشہ ورانہ اعتبار سے نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
کامیڈین کپل شرما نے حال ہی میں پولیس میں شکایت درج کرائی ہے، ان سے پہلے سگندھا مشرا اور ریمو ڈی سوزا نے بھی یہی میل موصول ہونے کے بعد پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔
راج پال یادیو کو یہ میل گزشتہ سال 14 دسمبر میں موصول ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے 17 دسمبر کو پولیس میں شکایت درج کرائی، یہ میل راج پال یادیو کے میل کے اسپام باکس میں پڑی تھی۔
ایک آڈیو پیغام میں راج پال یادیو نے این ڈی ٹی وی کو بتایا 'میں نے امبولی پولیس اور سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ میں شکایت درج کرائی ہے، اس کے بعد میں نے کسی سے اس پر بات نہیں کی، میں ایک فنکار ہوں اور میں اپنی پرفارمنس سے سامعین کو محظوظ کرنا چاہتا ہوں، ایجنسیاں اس معاملے کو دیکھیں'۔