Time 23 جنوری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

میٹا کا واٹس ایپ میں ایک بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان

میٹا کا واٹس ایپ میں ایک بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ WABetaInfo

میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں ایک بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بہت جلد صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو اکاؤنٹس سینٹر میں ایڈ کرسکیں گے۔

اکاؤنٹس سینٹر بنیادی طور پر ایک ایسا ہب ہے جو فیس بک، انسٹا گرام اور میٹا کوئیسٹ اکاؤنٹس کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اکاؤنٹس سینٹر میں واٹس ایپ کے اضافے کے بعد صارفین اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس کو بطور اسٹوریز انسٹا گرام اور فیس بک پر کراس پوسٹ کرسکیں گے۔

یعنی انہیں اپنا واٹس ایپ اسٹیٹس الگ سے فیس بک یا انسٹا گرام ایپ اوپن کرکے پوسٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس کے ساتھ ساتھ سنگل سائن آن فیچر بھی ان ایبل کیا جائے گا یعنی صارفین ایک اکاؤنٹ سے ہی میٹا کی متعدد ایپس پر لاگ ان ہوسکیں گے۔

جیسے ابھی فیس بک اکاؤنٹ کو انسٹا گرام تک رسائی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹ کو اکاؤنٹس سینٹر سے لنک کرنے کا فیچر مکمل طور پر آپشنل ہوگا یعنی آپ کی مرضی پر ہوگا اور بائی ڈیفالٹ ڈس ایبل ہوگا اور آپ کو خود اسے ان ایبل کرنا ہوگا جب بھی وہ دستیاب ہوگا۔

میٹا کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اکاؤنٹس سینٹر کے اضافے کے باوجود واٹس ایپ صارفین کے میسجز اور کالز کو بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا اور ان تک کسی کی رسائی ممکن نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ میٹا اکاؤنٹس سینٹر کو 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ صارفین کمپنی کی ایپس سے ایک جگہ کنکٹ ہوسکیں۔

فی الحال وہاں فیس بک، انسٹا گرام اور میٹا کوئیسٹ اکاؤنٹس کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکاؤنٹس سینٹر میں واٹس ایپ کو شامل کرنے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے مگر دنیا بھر میں اسے متعارف کرانے میں کئی ماہ درکار ہوں گے۔

جب یہ فیچر دستیاب ہوگا تو صارفین کو یہ آپشن واٹس ایپ سیٹنگز میں دستیاب ہوگا۔

مزید خبریں :