Time 23 جنوری ، 2025
دنیا

عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے افغان طالبان کے سربراہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی  درخواست کردی

عالمی  فوجداری  عدالت کے  پراسیکیوٹر نے افغان طالبان کے سربراہ کے وارنٹ گرفتاری  جاری کرنے کی  درخواست کردی
افغان طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ— فوٹو: فائل

دی ہیگ: عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے افغان طالبان کے سربراہ سمیت 2 طالبان رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کردی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے عدالت سے افغان طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ اور افغان چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی کے وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

کریم خان کے مطابق ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ اور چیف جسٹس عبدالحقیم حقانی افغان خواتین اور لڑکیوں پر مظالم  اور صنفی بنیادوں پرانسانیت کےخلاف جرائم  کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان خواتین اور لڑکیاں افغان طالبان کے ہاتھوں  مظالم کا شکار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا یہ اقدام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ ہونے والا سلوک ناقابل قبول ہے۔

عالمی فوجداری عدالت کے ججز اب کریم خان کی درخواست پر غور کریں گے اور  وارنٹ جاری کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے چیف  پراسیکیوٹر کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنی کی درخواست پر طالبان کی جانب سے ابھی کوئی ردعمل نہیں آیا۔

مزید خبریں :