24 جنوری ، 2025
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔
نئی تعمیر ہونے والی فار اینڈ بلڈنگ میں پلیئرز ایریا کا کام مکمل ہوگیا، ٹاپ فلور پر پارٹیشن اور دیگر فلور پر صفائی کا کام جاری ہے۔
فروری میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی سیریز سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب گامزن ہے ۔
پی سی بی کی جانب سے جمعرات کو ایک بار پھر میڈیا کو اسٹیڈیم کا دورہ کرایا گیا ۔ اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے 2 انکلوژرز کو یونس خان اور شاہد آفریدی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
ارشد خان کا کہنا تھا کہ نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر2 وی وی آئی پی اسٹینڈز بنائے جا رہے ہیں ۔ 1050 افراد کی گنجائش والے ان 2 اسٹینڈز کو ماجد خان اور ظہیر عباس انکلوژر کا نام دیا جائے گا جبکہ موجودہ ماجد خان انکلوژر کو یونس خان اور ظہیر عباس انکلوژر کو نذر محمد کے نام سے منسوب کیا جارہا ہے ۔ قائد انکلوژر کو شاہد آفریدی انکلوژر کا نام دیا جارہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نقشے کے مطابق اب اسٹیڈیم کے حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز فار اینڈ بلڈنگ کے ساتھ ہوں گے جبکہ پرانی بلڈنگ کے برابر کے 2 انکلوژرز اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کہلائیں گے ۔
ارشد خان کا کہنا تھا کہ 3 لائٹ ٹاورز پر فریم لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ اگلے 2 روز میں بقیہ ٹاورز پر بھی فریم کا کام مکمل ہوجائے گا جس کے بعد لائٹس نصب کردی جائے گی۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر بلال چوہان کا کہنا تھا کہ مین بلڈنگ میں تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے، گراؤنڈ فلور پر اسٹینڈز اور ٹاپ فلور پر پارٹیشن کا کام جلد مکمل ہوجائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹینڈز 28 جنوری تک تیار ہوجائیں گے جس کے بعد یہاں کرسیاں لگا دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے فلور پر موجود پلیئرز ڈریسنگ روم مکل ہوچکا ہے، اس کی صفائی کا کام جاری ہے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر بلال چوہان نے اعتماد ظاہر کیا کہ اپ گریڈیشن کا تمام کام 31 جنوری تک مکمل ہوجائے گا ۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہوگی۔