Time 26 جنوری ، 2025
پاکستان

کچھ عرصے کیلئے مریم ہمیں دے دیں، مراد علی شاہ آپ رکھ لیں: کراچی کے تاجروں کا احسن اقبال سے مکالمہ

کراچی کے تاجروں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سے دلچسپ مکالمہ کیا۔

کراچی کے تاجروں نے احسن اقبال سے مطالبہ کیا کہ ’کچھ عرصے کیلئے مریم نواز شریف ہمیں دے دیں اور مراد علی شاہ آپ رکھ لیں‘۔

اجلاس میں شریک تمام تاجروں نے مریم نواز شریف کو وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی حمایت کی تاہم احسن اقبال تاجر رہنماؤں کے مطالبے پر بےساختہ مسکرا دیے اور کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

دوسری جانب ترجمان حکومت سندھ ایم پی اے سعدیہ جاوید نےردعمل میں کہا کہ خوشامدیوں سے رٹا لگوائی بات کہلوانے سے زمینی حقائق نہیں بدلے جاسکتے، ایک چاپلوس کی بات کوباشعور اور باوقار تاجربرادری کا بیانیہ کہنا بد دیانتی ہے، کوئی سنجیدہ سیاستدان اور ذمہ دار وزیر اپنے سامنے فضول بات برداشت نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص تاجرٹولا سازش کے تحت سندھ کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین کررہا ہے، تاجروں کا مخصوص ٹولہ مختلف فورمز پربزنس کےعلاوہ ہرچیزپربات کرتا ہے، جمہوریت شطرنج نہیں کہ مہرے کو اُٹھا کے دوسری جگہ رکھ دیا جائے، عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی قیادت میں سندھ حقیقی معنوں میں تاجردوست صوبہ ہے۔

مزید خبریں :