27 جنوری ، 2025
واشنگٹن: امریکا سے بے دخل تارکین وطن کو قبول کرنے کے فیصلے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے کولمبیا کے خلاف لیے جانے والے سخت اقدامات روک دیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کولمبیا کو ٹیرف بڑھانے کی دھمکی کام کرگئی جس کے بعد کولمبیا امریکا سے بےدخل کیے گئے تارکین وطن کو قبول کرنے پر رضامندہوگیا ہے۔
اس سے قبل امریکا سے تارکین وطن کی بے دخلی کے فیصلے پر کولمبیا کے صدر نے تارکین وطن کو واپس قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک بدر کیے جانے والے تارکین وطن کو لے جانے والی پروازوں کو اس وقت تک روکیں گے جب تک تارکین وطن کو باوقار طریقے سے نہیں بھیجا جاتا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے کولمبیا کے تارکین کو واپس لینے سے انکار پر25 فیصد تجارتی ٹیرف اور ویزہ پابندیوں سمیت دیگر سخت اقدامات کی دھمکی دی تھی اور اس کا ڈرافٹ تیار تھا مگر اس فیصلے کو اب روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقتدار سنبھالتے ہی ٹرمپ نے غیر قانونی امیگریشن کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے ایک وسیع کریک ڈاؤن نافذ کرنےکا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب تارکین وطن کو امریکا بدر کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔