27 جنوری ، 2025
ابھی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی میں امریکی کمپنیوں کا غلبہ ہے مگر ایک چینی کمپنی ڈیپ سیک اس معاملے میں امریکا کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔
دنیا بھر میں اس کمپنی کے ڈیپ سیک آر 1 لارج لینگوئج ماڈل نے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے جو بہت تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق آر 1 ماڈل اگر اوپن اے آئی (چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی) کے o1 سے بہتر نہیں تو کم بھی نہیں، جو اس امریکی کمپنی کا ابھی دستیاب سب سے بہترین ماڈل ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ چینی کمپنی کا اے آئی ماڈل مفت دستیاب ہے۔
اس کے مقابلے میں چیٹ جی پی ٹی، گوگل جیمنائی اور مائیکرو سافٹ کو پائلٹ کے مختلف ورژنز ہیں اور ان کے سب سے بنیادی ماڈلز کو ہی مفت استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس کے مقابلے میں ڈیپ سیک کی جانب سے آپ کو صرف ای میل ایڈریس کے ذریعے سائن اپ ہونے کا موقع دیا جاتا ہے جس کے بعد آپ اس کے وی 3 اور آر 1 ماڈلز کو استعمال کرسکتے ہیں۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق وی 3 نے inference اسپیڈ میں اہم بریک تھرو حاصل کیا ہے اور یہ ابھی اوپن سورس اے آئی ماڈلز کے لیڈر بورڈ میں ٹاپ پر ہے۔
دوسری جانب آر 1 دیگر شعبوں میں حیران کن حد تک بہتر کام کرتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یقیناً دیگر کمپنیوں کے اے آئی ماڈلز کے مفت ورژنز موجود ہیں مگر وہ ہماری طرح پریمیئم فیچرز تک مفت رسائی نہیں دیتے۔
یعنی اس کے تمام فیچرز کو آپ مفت استعمال کرسکتے ہیں بس شرط یہ ہے کہ آپ اسے ذاتی سطح پر استعمال کریں، کسی کمپنی کے لیے نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ آر 1 نے حیران کن طور پر امریکا میں ایپل کے ایپ اسٹور پر چیٹ جی پی ٹی کی حکمرانی ختم کر دی ہے۔
کمپنی نے آر 1 ماڈل کو محض 56 لاکھ ڈالرز میں تیار کیا اور یہی وجہ ہے کہ اس تک مفت رسائی دی جا رہی ہے۔