Time 27 جنوری ، 2025
دلچسپ و عجیب

چوروں نے میوزیم سے ڈھائی ہزار سال پرانے طلائی ہیلمٹ سمیت قیمتی نوادرات چوری کرلیے

چوروں نے میوزیم سے ڈھائی ہزار سال پرانے طلائی ہیلمٹ سمیت قیمتی نوادرات چوری کرلیے
یہ وہ ہیلمٹ ہے / فوٹو بشکریہ ڈچ پولیس

ویسے تو دنیا بھر میں عجائب گھروں میں نوادرات کے تحفظ کے لیے سخت ترین انتظامات کیے جاتے ہیں۔

مگر چور بھی ان انتظامات کو ختم کرکے قیمتی قدیم اشیا چرانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

ایسا ہی نیدرلینڈز میں ہوا جہاں چوروں نے ایک میوزیم سے ڈھائی ہزار سال پرانے طلائی ہیلمٹ سمیت 4 قدیم نوادرات کو چرا لیا۔

نیدرلینڈز کے شہر Assen کے Drents میں چوروں نے یہ حیران کن چوری گزشتہ دنوں آدھی رات کے بعد کی۔

اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کو پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

اس فوٹیج سے ثابت ہوتا ہے کہ مشتبہ افراد نے پہلے باہری دروازے کو کھولا اور پھر فضا میں دھواں اور چنگاریوں کو چھوڑا۔

چوروں نے میوزیم سے ڈھائی ہزار سال پرانے طلائی ہیلمٹ سمیت قیمتی نوادرات چوری کرلیے
سی سی ٹی وی فوٹیج کی ایک جھلک / فوٹو بشکریہ ڈچ پولیس

اس کے بعد چوروں نے سونے کے 3 بریسلیٹ (ان کا تعلق 50 قبل مسیح کے عہد سے تھا) اور 5 صدی قبل میسح سے تعلق رکھنے والا ہیلمٹ چرا لیا۔

یہ ہیلمٹ اس میوزیم کا نہیں تھا بلکہ رومانیہ کے نیشنل ہسٹری میوزیم سے ادھار لیا گیا تھا تاکہ نیدرلینڈز میں اس کی نمائش کی جاسکے۔

یہ ہیلمٹ رومانیہ کی ایک سوسائٹی کی جانب سے نمائش کے لیے نیدرلینڈز لایا گیا تھا۔

میوزیم کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس ہیلمٹ کو رومانیہ کے ایک گاؤں میں لگ بھگ ایک صدی قبل دریافت کیا گیا تھا۔

چوری کے بعد میوزیم کو بند کر دیا گیا ہے اور پولیس کے مطابق عالمی سطح پر انٹرپول کے ساتھ مل کر چوروں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :