28 جنوری ، 2025
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان گزشتہ دنوں اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر خیبر پختونخوا میں کسی قسم کے احتجاج نہ ہونے پر وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور پر برہم ہوگئے۔
پیر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے ملاقات میں علی امین گنڈاپور پر برہمی کا اظہار کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر خیبر پختونخوا میں کیوں کوئی احتجاج نہ ہوا؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین سے ملاقات میں عمران خان نے خیبر پختونخوا میں کرپشن کی روک تھام کےلیے اقدامات پر زور دیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کی کئی کہانیاں اور تفصیلات سامنے آ رہی ہیں، کرپشن اور خراب کارکردگی کی آئندہ کوئی شکایت موصول نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے علی امین کو حکومتی امور میں عاطف خان سمیت پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی ہدایت کی اور وزیر اعلیٰ پر خیبر پختونخوا میں گڈ گورننس پر زور دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے علی امین کی محسن نقوی کے ساتھ تصاویر پر نا گواری کا بھی اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو ہدایت دی کہ محسن نقوی کا رفیق خاص بننے کی بجائے گورننس پردھیان دیں۔
گزشتہ دنوں عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا دیا تھا اور ان کی جگہ جنید اکبر کو صدر مقرر کیا۔
یاد رہے کہ 17 جنوری کو احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 7 سال کی سزا سنائی جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے تحویل میں لے لیا گیا تھا۔