28 جنوری ، 2025
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ آج ہونے والے مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شامل نہیں ہوں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسمبلی میں چند منٹ میں بل پاس ہوجاتاہے،کوشش کی جا رہی ہےکہ فیک نیوزکی آڑ میں جس کو چاہیں اٹھا لیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، حکومت جلد بازی میں یہ قوانین پاس کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ منگل کو ہونے والے مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شامل نہیں ہوں گے۔اسپیکر ایاز صادق کے سیکرٹری کو بھی اپنے فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جو حکومت بانی پی ٹی آئی سے ایک ملاقات نا کروا سکے اس سے اور کیا امید کریں؟
دوسری جانب سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اگر منگل کو میٹنگ کا حصہ نہیں بنتی تو اسپیکر کمیٹی کو تحلیل کردیں گے،اس کے بعد پی ٹی آئی والے جوکچھ باہرکریں گے اس کا رسپانس حکومت دے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ اعلامیے میں 7 ورکنگ ڈے لکھا ہوا ہے،تین اجلاسوں میں ایک بار بھی پی ٹی آئی نے نہیں کہاکہ7 دن میں مطالبات نہ مانے تو الگ ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پہلے ہی حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔