29 جنوری ، 2025
میئر کراچی نے سڑکوں کی غیرقانونی کھدائی پر یوٹیلیٹی کمپنیوں کو انتباہی نوٹس جاری کردیا۔
میئر کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن نے کےالیکٹرک، واٹرکارپوریشن، سوئی سدرن اور دیگر کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہےکہ شہر میں بغیر اجازت سڑک کھودنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، یوٹیلیٹی کمپنیوں کی غیرقانونی کھدائی سے شاہراہ نور جہاں اور چاکیواڑہ روڈ متاثر ہوا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ بغیراجازت سڑک کی کھدائی پر متعلقہ کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، یوٹیلیٹی کمپنیوں کو سڑک کھودنے کیلئے اجازت نامہ لینا لازمی ہوگا، شہر کے انفرااسٹرکچر کو مزید نقصان نہیں پہنچنےدیں گے اور فوری ایکشن لیا جائے گا۔