30 جنوری ، 2025
آپ کے خیال میں یہ کس طرح جاننا ممکن ہے کہ کوئی جوڑا ایک دوسرے سے خوش ہے یا نہیں؟
درحقیقت یہ کام بہت زیادہ آسان ہے اس کے لیے آپ کو کچھ بھی نہیں کرنا بس ان کے چہروں پر توجہ مرکوز کریں اور دیکھیں کیا وہ ایک ساتھ مسکراتے ہیں یا نہیں۔
یہ دعویٰ ایک نئی دلچسپ تحقیق میں سامنے آیا۔
جرنل ایموشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی جوڑے کے رشتے کی مضبوطی اور خوشی کا انحصار صرف کمیونیکیشن یا مشترکہ اقدار پر ہی نہیں ہوتا بلکہ مسکراہٹ بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جب جوڑے لاشعوری طور پر ایک ہی وقت میں مسکرانے لگتے ہیں تو اس سے باہمی تعلق پر اطمینان کا عندیہ ملتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جو جوڑے ایک دوسرے سے بہت زیادہ خوش ہوتے ہیں، ان کے چہروں پر لگ بھگ ایک ہی وقت میں مسکراہٹ ابھرتی ہے۔
درحقیقت وہ اکثر اکٹھے مسکراتے ہیں جبکہ ایک دوسرے سے ناخوش جوڑوں میں ایسا دیکھنے میں نہیں آتا۔
اس تحقیق میں 61 جوڑوں کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 30 کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تعلق سے بہت زیادہ مطمئن ہیں جبکہ 31 اپنے تعلق کو بہتر بنانے کے لیے ماہرین سے مدد لے رہے تھے۔
ان کے چہروں کے تاثرات کا تجزیہ جدید ترین چہرے شناخت کرنے والے سافٹ وئیر سے کیا گیا۔
محققین نے دیکھا کہ جوڑے کتنا مسکراتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ مسکراہٹ کتنی آسانی سے چہرے پر آجاتی ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ایک دوسرے سے خوش جوڑے اکثر اکٹھے مسکراتے ہیں بلکہ ایک ہی وقت میں مسکراہٹ ان کے چہروں پر ابھرتی ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب ایسے جوڑوں میں سے کوئی ایک مسکراتا ہے تو اس کے بعد محض 0.62 سیکنڈ میں دوسرا بھی مسکرانے لگتا ہے۔
محققین کے مطابق یہ عمل قدرتی طور پر ہوتا ہے جس کا علم اکثر جوڑوں کو ہوتا ہی نہیں کیونکہ یہ لاشعوری رویہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ لاشعوری عمل جوڑوں کے کنٹرول سے باہر ہوتا ہے مگر اس سے ان کے تعلق کی مضبوطی کا عندیہ ملتا ہے۔