31 جنوری ، 2025
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن میں کام کرنے والے ورکرز کو 8 فروری کو سہ فریقی سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت دے دی۔
چیئرمین پی سی بی نے آج قذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے ورکرز سے ملاقات کی اور انہیں دن رات کام پر شاباش دی۔
چیئرمین پی سی بی نے ورکرز کو 8 فروری کا ٹرائی نیشن سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ میں خود آپ کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھوں گا۔
محسن نقوی نے نئی نشتوں پر بیٹھ کر اسٹیڈیم کا ویو دیکھا اور تمام فلورز، نئے ڈریسنگ رومز ہاسپیٹیلیٹی باکسز اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نئے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح فروری کے پہلے ہفتے میں کیا جائیگا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید ترین بین الاقوامی سہولتوں سے مزین اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے جس سے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ بھی نئی سہولیات سے محظوظ ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پوری ٹیم نے دن رات محنت سے کام کیا اور ناممکن ٹاسک کو ممکن بنایا، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور ہم اپنے وطن کی عزت میں مزید اضافہ کریں گے۔