Time 31 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

'آپ میری دلہن نہیں لیکن پاکستان کی بہو ضرور بنیں گی'، ڈوڈی خان کا راکھی سے شادی سے انکار

پاکستانی اداکار و بزنس مین ڈوڈی خان نے بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔

حال ہی میں اداکارہ راکھی ساونت نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان سے شادی کی پیشکش ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور انہوں نے ڈوڈی خان کا نام لیا تھا۔

راکھی کا کہنا تھا کہ میرے ہونے والے دلہا کا نام ڈوڈی خان ہے، وہ اداکار اور پولیس افسر ہیں، پاکستان سے بہت رشتے آئے ہیں اور انہوں نے خود مجھے پرپوز کیا ہے لیکن میں نے انہیں چنا ہے۔

تاہم اب ڈوڈی خان نے راکھی ساونت سے شادی کرنے سے انکار کردیا جس کی ویڈیو بھی وائرل ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں ڈوڈی خان نے پاکستان اور بھارت کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر آپ نے میری ایک ویڈیو دیکھی جس میں، میں نے راکھی ساونت کو پروپوز کیا تھا، میں نے انہیں اس لیے پروپوز کیا تھا کیونکہ میں اداکارہ کو اچھی طرح جانتا ہوں، جب میں نے انہیں جاننا شروع کیا تو مجھے لگا کہ وہ ایک ایسی انسان ہے جو خدا سے بہت پیار کرتی ہے، اس نے اپنی زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، اس نے اپنے والدین کو کھو دیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'راکھی کی زندگی میں ایک لڑکا آیا، آپ سب جانتے ہیں کہ اس نے راکھی کے ساتھ کیا کیا، وہ بہت سارے صدمے سے باہر آئی ہے اور اس نے اسلام قبول کیا، عمرہ کے لیے گئی اور اپنا نام فاطمہ رکھ لیا، مجھے یہ بہت پسند آیا اس لیے میں نے انہیں پروپوز کیا'۔

اپنی بات  جاری رکھتے ہوئے پاکستانی اداکار نے مزید کہا 'لیکن  مجھے لگتا ہے کہ میرا یہ پروپوزل لوگوں کے لیے قابل قبول نہیں ہے کیونکہ مجھے بہت سارے پیغامات اور ویڈیوز موصول ہوئی ہیں اور جو میں برداشت نہیں کر سکتا'۔

ڈوڈوی خان نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ 'راکھی جی، آپ میری بہت اچھی دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گی، آپ شاید میری دلہن نہ بن سکیں لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ پاکستان کی بہو بنیں گی، میں آپ کی شادی اپنے بھائیوں میں سے کسی ایک سے کروا دوں گا'۔

ڈوڈی خان کے اس ویڈیو پیغام کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ڈوڈی خان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :