31 جنوری ، 2025
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے نزدیک منگل کے روز ایک ٹرک سڑک پر اچانک بن جانے والے گڑھے میں جاگرا جس کے بعد 74 سالہ ٹرک ڈرائیور کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن اب تک جاری ہے۔
زمین پر بن جانے والے گڑھے کی چوڑائی 40 میٹر تک پھیل چکی ہے اور اس میں مزید اضافے کے خدشے کے باعث حکام نے اطراف کے مکانات کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم دے دیا ہے۔
مقامی سیوریج ورکس ڈویژن کے اہلکار کے مطابق زمین مسلسل کھوکھلی ہورہی ہے جس کے باعث گڑھے کی چوڑائی اب تک 4 گنا بڑھ چکی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے کرین کی مدد سے ٹرک کے کچھ حصوں کو گڑھے سے باہر نکالا ہے اور زیر زمین ڈرونز بھی بھیجے ہیں لیکن منگل سے اب تک ٹرک ڈرائیور سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔
حکام کا خیال ہے کہ سیوریج کے خستہ حال پائپ زمین میں گڑھا بننے کا باعث بنے۔
حکام نے 200 سے زائد گھرانوں کو انخلا کا حکم دیا ہے جبکہ علاقے میں ریسکیو آپریشن میں خلل ڈالنے والے سیوریج کے پانی کو محدود کرنے کے لیے اطراف کے 12 لاکھ رہائشیوں کو نہانے اور کپڑے دھونے سے منع کردیا ہے۔