31 جنوری ، 2025
واشنگٹن: میٹا کی مقبول میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی پیراگون سولوشنز نے درجنوں صارفین کے اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق واٹس ایپ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے جمعے کے روز بتایا کہ کمپنی نے ہیکنگ کی کوشش کے بعد پیراگون کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ’سیز اینڈ ڈیسسٹ‘ لیٹر جاری کیا ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق اس معاملے پر پیراگون نے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
واٹس ایپ کے عہدیدار نے بتایا کہ تقریباً 90 صارفین کے اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ کن افراد کو نشانہ بنایا گیا اور وہ کہاں موجود تھے، انہوں نے یہ ضرور کہا کہ ہدف بننے والوں میں سول سوسائٹی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
عہدیدار کے مطابق واٹس ایپ نے ہیکنگ کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ پیراگون کو اس کارروائی کا ذمہ دار کیسے ٹھہرایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر شراکت داروں کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔