31 جنوری ، 2025
کرم میں قیام امن کے حوالے سے کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگے نے اسسٹنٹ کمشنر پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا اور مطالبہ کیا کہ علاقے میں امن کے لیے تمام وسائل کو بروکار لائے جائیں۔
کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگہ کی سربراہی چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کی۔
چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ ایک فریق نے اسلحہ جمع کرانے کا لائحہ دے دیا ہے تو دوسرے کو بھی اس حوالے سے حکومت کو اپنا جواب جمع کرانا ہوگا، کسی بھی شرپسند کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت اسلحہ جمع کرانا ہوگا اور بنکرز کو مسمار کیا جائے گا۔
اس حوالے سے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر پر حملہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے اور بعض شرپسند امن نہیں چاہتے۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت کرم میں قیام امن کے لیے تمام اقدامات کررہی ہے، حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
جرگہ میں مشران نے کرم میں قیام امن کے لیے حکومت کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چودہ نکاتی امن معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔