01 فروری ، 2025
گوجرانوالہ: مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 15 پاکستانی رات واپس گھروں کو پہنچ گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق پاکستانیوں کو مراکش بھجوانے والے انسانی اسمگلرز کی بھی شناخت ہوگئی ہے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایف آئی اے کا بتانا ہےکہ واپس آنے والوں میں 3 افراد گجرات اور ایک منڈی بہاءالدین کا رہائشی ہے جب کہ واپس پہنچنے والوں میں حافظ آباد، گوجرانوالہ اورسیالکوٹ کا بھی ایک ایک نوجوان شامل ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق منڈی بہاءالدین کے شعیب ظفر کو عثمان نامی ایجنٹ نے مراکش بھجوایا تھا اور گجرات کے مدثر حسین کو بھجوانے میں انسانی اسمگلر علی رضا ملوث ہے جب کہ گجرات کے عزیر اور عمران اقبال کو بھجوانے میں انسانی اسمگلر فادی گجر، حافظ آباد کے آصف کو بھجوانے میں لاہور کا رہائشی انسانی اسمگلر عثمان ملوث ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گھروں کو واپس پہنچنے والے دیگر 8 پاکستانیوں میں محمد افضل، عدیل، عرفان، ارسلان، غلام مصطفیٰ، بدرمحی الدین، مجاہد علی اور تصویر احمد شامل ہیں۔
ایف آئی اے کا بتانا ہےکہ 8 افراد میں سے 2 شیخوپورہ، 2 سیالکوٹ، 2 منڈی بہاءالدین، 2 گجرات اور ایک جہلم کا رہائشی ہے۔