01 فروری ، 2025
آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی نے ڈیوڈ بون، رچرڈالنگورتھ اور مائیکل گف کو سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے میچ آفیشلز مقرر کیا ہے۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون جو آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن ہیں، میزبان پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا پر مشتمل سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سنگل لیگ کی بنیاد پر ہونے والی سہ فریقی سیریز 8 سے 14 فروری تک لاہور اور کراچی میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے رکن انگلینڈ کے مائیکل گف اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل امپائر پاکستان کے فیصل خان آفریدی آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔
قذافی اسٹیڈیم 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے میچ کی میزبانی کرے گا جہاں رچرڈ النگورتھ اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائزر جبکہ مائیکل گف تھرڈ امپائر ہوں گے۔
لیگ کا آخری میچ اور سہ فریقی سیریز کا فائنل کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کراچی میں ہونے والے میچ میں آصف یعقوب اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔
جمعہ 14 فروری کو ہونے والے فائنل میں آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر احسن رضا رچرڈ النگورتھ کے ساتھ آن فیلڈ امپائرہوں گے۔