01 فروری ، 2025
رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں نو پارکنگ پر کھڑی گاڑیوں کے ٹائر میں تیز دھار آلے مار کر پھاڑ دیے گئے۔
صادق آباد میں سرکاری اہلکاروں کی سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں کے ٹائر تیزدھارآلے سے پھاڑنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں تحصیل انتظامیہ کی ٹیم کے گاڑیوں کے ٹائرپنکچر کرتی نظرآرہی ہے جن گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کیے جا رہے تھے، ان گاڑیوں میں کئی ڈرائیوربھی اس وقت موجود تھے۔
مقامی افراد کے مطابق یہ آپریشن اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان انورکو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا اور اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ نو پارکنگ میں کھڑی کی گئی گاڑیوں کو پنکچر کرنا افسوسناک عمل ہے، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر واقعے کی انکوائری کرکے نقصان کی تلافی کی جائے گی۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں پارکنگ کی سہولت ہی موجود نہيں لیکن نو پارکنگ ميں بھی جرمانہ لگایا جائے، ہزاروں روپے مالیت کے ٹائر کیوں برباد کیے جارہے ہیں؟
دوسری جانب صادق آباد میں تحصیل انتظامیہ کے اہلکاروں کی جانب سے غلط پارکنگ پرگاڑیوں کوکیل کے ذریعے پنکچر کرنے پرانجمن تاجران نے تحفظات کا اظہار کیا۔