01 فروری ، 2025
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر رئیل اسٹیٹ اورہاؤسنگ شعبے کی بحالی کا ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو ٹاسک فورس کی سفارشات بھجوا دی گئیں ہیں اور وزیر اعظم نے سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے 3 فروری کو اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائشی گھروں کیلئے اضافی منزلوں کی تعمیر کی اجازت دینے اور پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں کو ٹیکس میں مکمل چھوٹ دینے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پراپرٹی کی خرید و فروخت پر بھی ٹیکس کی شرح کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے، کم آمدن طبقے کو سبسڈی دینے اور گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دینے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔
دوسری جانب پاکستان بزنس کونسل نے ٹاسک فورس کی تجاویز پر تحفظات کا اظہار کردیا اور وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے متعلق ٹیکس پالیسی میں تبدیلی نہ کی جائے، چیئرمین ایف بی آر نے بزنس کونسل سے ملاقات میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکس کمی کا اشارہ دیا تھا اور کہا تھا کہ پلاٹس کی لین دین کو بھاری ٹیکس کا سامنا ہے،حکومت نظرثانی کررہی ہے۔
خط کے متن کے مطابق حکومت پلاٹس کے کاروبار میں سیاہ دھن بے نقاب کرنے کی کوشش جاری رکھے۔