02 فروری ، 2025
معروف پاکستانی ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر کراچی آنے والی امریکی خاتون کو واپس بھیجا جائے، ان کا تماشا نہیں بنایا جانا چاہیے۔
نادیہ حسین نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکی خاتون 33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنسن پر تماشا بنانے کی ضرورت نہیں، انہیں واپس بھیجا جانا چاہیے، کیونکہ وہ جس طرح کی باتیں کر رہی ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔
میک اپ آرٹسٹ نے واضح کیا کہ وہ ان کا مذاق نہیں اڑا رہیں بلکہ لوگوں کو معاملے کی سنگینی سمجھانا چاہ رہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ کہا جا رہا ہے کہ خاتون کئی ماہ سے پاکستان میں ہیں اور اب ان کے ویزے کی میعاد بھی ختم ہو چکی ہے، اس لیے انہیں واپس بھیجا جانا چاہیے۔
نادیہ حسین نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت حکومت سندھ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ امریکی خاتون کو واپس بھیجنے کا انتظام کریں، امریکی سفارت خانے کو بھی خاتون کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
نادیہ حسین نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ اب وہ خاتون کو اتنی توجہ نہ دے، خاتون سے بات نہ کی جائے، اس کا تماشا بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن مبینہ طور پر اکتوبر 2024 میں پاکستان آئی تھیں اور تب سے یہیں موجود ہیں۔
کچھ روز قبل سے ان خاتون کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔