Time 02 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

موسمیاتی تبدیلیوں کا ایسا دنگ کردینے والا اثر جس کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا

موسمیاتی تبدیلیوں کا ایسا دنگ کردینے والا اثر جس کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا
ایک تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا / فوٹو بشکریہ سی این این

موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہمارے سیارے کو متعدد سنگین اثرات کا سامنا ہو رہا ہے، جیسے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے مگراب اس کے ایک انتہائی عجیب اثر کا انکشاف ہوا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں شہروں میں چوہوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

Richmond یونیورسٹی کی تحقیق میں انتباہ کیا گیا کہ دنیا بھر کے شہروں میں چوہوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے اور ایسا موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہوگا۔

تحقیق میں شامل پروفیسر جوناتھن رچرڈ سن نے میڈیا رپورٹس میں دیکھا تھا کہ چوہے شہروں پر قبضہ کر رہے ہیں تو انہوں نے یہ تحقیق کرنے کا فیصلہ کیا۔

پروفیسر جوناتھن اور ان کی ٹیم نے امریکا کے 200 بڑے شہروں میں چوہوں کی ممکنہ تعداد کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی مگر صرف 13 شہروں کا طویل المعیاد ڈیٹا مل سکا۔

اس کے بعد انہوں نے 3 عالمی شہروں ٹورنٹو، ٹوکیو اور ایمسٹرڈیم کو بھی تحقیق کا حصہ بنایا۔

تحقیق میں مجموعی طور پر ان شہروں کے اوسطاً 12 برسوں کے ڈیٹا کو اکٹھا کیا گیا اور پھر اس کا موازنہ چوہوں کے نظر آنے، پنجروں میں پھنسنے یا دیگر رپورٹس سے کیا گیا۔

نتائج سے انکشاف ہوا کہ 16 میں سے 11 شہروں میں چوہوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

واشنگٹن ڈی سی، سان فرانسسکو، ٹورنٹو، نیویارک اور ایمسٹرڈیم میں چوہوں کی نشوونما میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جبکہ ٹوکیو سمیت 3 شہروں میں ان کی تعداد میں معمولی کمی آئی۔

تحقیق میں چوہوں کی تعداد میں اضافے کو متعدد عناصر سے منسلک کیا گیا جیسے انسانی آبادی میں اضافے، شہروں میں سبزے کی کمی مگر سب سے زیادہ اثر مرتب کرنے والا عنصر اوسط درجہ حرارت میں اضافہ قرار دیا گیا۔

تحقیق کے مطابق سرد موسم میں چوہوں کی تعداد محدود رہتی ہے مگر گرم درجہ حرارت خاص طور پر موسم سرما میں درجہ حرارت بڑھنے سے وہ زیادہ طویل وقت تک باہر گھومتے ہیں جبکہ ان کی شرح افزائش میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ چوہوں کی تعداد میں اضافہ شہروں کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔

چوہے انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچاتے ہیں، خوراک کو آلودہ کرتے ہیں اور تاروں کو کتر کر آگ بھڑکانے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔

درحقیقت ہر سال صرف امریکا کو ان کی وجہ سے 27 ارب ڈالرز کے مالی نقصانات کا سامنا ہوتا ہے۔

اس سے ہٹ کر چوہے صحت کے لیے بھی خطرہ ہیں اور متعدد جراثیموں کو انسانوں میں پھیلاتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق ایسے شواہد بھی بڑھ رہے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ جسمانی صحت سے ہٹ کر چوہے دماغی صحت پر بھی نمایاں اثرات مرتب کرتے ہیں۔

پروفیسرجوناتھن نے کہا کہ تحقیق کے نتائج آنکھیں کھول دینے والے ہیں کیونکہ گرم دنیا میں چوہوں کی زیادہ تعداد کے باعث ہمیں متعدد چیلنجز کا سامنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ اسے کنٹرول نہیں کرتے تو صورتحال مزید بدتر ہو جائے گی۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :