03 فروری ، 2025
ضلع خیبر میں دہشتگردوں نے انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار عبدالخالق شہید ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کے مطابق آج سے ضلع بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او کے مطابق تھانہ حدود جمرود کے علاقے بکر آباد میں گھات لگائے دہشتگردوں نے انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والے ٹیم پر غوندی کے قریب اچانک فائرنگ کھول دی جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کو سیکورٹی فراہم کرنے والے پولیس اہلکار عبدالخالق موقع پر شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے باعث انسداد پولیو ٹیم میں حصہ لینے والا دیگر عملہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا جبکہ موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہو گئے، جائے وقوعہ سے 30 بور کے دو خول ملے ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کر دیں۔
محکمہ صحت کام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ علاقے بکر آباد سے انسداد پولیو ٹیم کو واپس بلاکر انسداد پولیو مہم کو مؤخر کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح ضلع خیبر میں بھی آج سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں پولیو کے 945 ٹیمیں حصہ لے رہی ہے جو کہ 2 لاکھ 8 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔