Time 03 فروری ، 2025
کھیل

بنگلادیش میں محمد حارث کی ٹیم کیساتھ ایک اور مسئلہ، تنخواہ نہ ملنے پر ڈرائیور نے کھلاڑیوں کا سامان ضبط کرلیا

بنگلادیش میں محمد حارث کی ٹیم کیساتھ ایک اور مسئلہ، تنخواہ نہ ملنے پر ڈرائیور نے کھلاڑیوں کا سامان ضبط کرلیا
گزشتہ روز بنگلادیش میں پھنسے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کا مسئلہ حل ہوگیا تھا__فوٹو: فائل

بنگلادیش میں پاکستانی کرکٹر محمد حارث کی فرنچائز میں ایک اور مسئلہ کھڑا ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش پریمیئر لیگ کی فرنچائز دربار راج شاہی کرکٹ کی دنیا میں محورِ گفتگو بنی ہوئی ہے۔ 

ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فرنچائز نے ابھی تک اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان کی تنخواہیں ادا نہیں کیں، راج شاہی کے مالک شفیق رحمان نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ غیر ملکی کرکٹرز کے اپنے اپنے ملک واپس جانے کے لیے ٹکٹ بک کر لیے گئے ہیں۔

تاہم واجبات کی منظوری میں ناکامی کی وجہ سے کئی بڑے نام ڈھاکا کے ٹیم ہوٹل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی ادائیگی کے لیے ٹیم انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا، ان کھلاڑیوں میں محمد حارث (پاکستان)، آفتاب عالم (افغانستان)، مارک دیال (ویسٹ انڈیز)، ریان برل (زمبابوے) اور میگوئل کمنز (ویسٹ انڈیز) شامل ہیں جنہیں اب تک ان کے واجبات کی مکمل ادائیگی نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ٹیم کے مالکان نے وعدہ کیا کہ وہ واجبات کلیئر کردیں گے لیکن کئی مقامی کرکٹرز بغیر رقم ملے ہی ہوٹل سے چلے گئے۔

یہاں تک کہ فرنچائز اپنے بس ڈرائیور محمد بابول کو بھی تنخواہ نہ دے سکی جس کے بعد فرنچائز کو ان کی غلطی کا احساس دلانے کے لیے بس ڈرائیور نے معاملے کو اپنے ہاتھ میں لیا اور راج شاہی کے تمام کھلاڑیوں کے کٹ بیگ اور سامان بس کے اندر بند کردیا۔

بس ڈرائیور نے کہا کہ  کھلاڑیوں کو ان کے کٹ بیگز ان کے واجبات کی منظوری کے بعد ہی واپس ملیں گے۔

محمد حارث کا مسئلہ:

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنگلادیش میں پھنسے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کا مسئلہ حل ہوگیا تھا۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد حارث بنگلادیش میں بی پی ایل کھیلنے کیلئے موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم دربار راج شاہی نے تاحال کھلاڑیوں کو گھر واپسی کے ٹکٹ نہیں دیے، کھلاڑیوں کو ٹیم انتظامیہ کی جانب سے معاوضے بھی ادا نہیں کیے گیے۔

ذرائع کے مطابق محمد حارث نے صورتحال سے پی سی بی کو آگاہ کیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش بورڈ سے بات کرتے ہوئے مسئلہ حل کروا دیا اور قومی کرکٹر کو بی پی ایل انتظامیہ نے کل کی فلائٹ کا ٹکٹ دے دیا۔

مزید خبریں :