Time 03 فروری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

مفتی قوی راکھی ساونت سے شادی کیلئے تیار ہوگئے

پاکستانی اداکار دودی خان کی جانب سے بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سے شادی سے انکار کے بعد مفتی قوی نے شادی کے لیے مشروط آمادگی ظاہر کردی۔

ایک پوڈکاسٹ میں خاتون پوڈکاسٹر نے کہا کہ راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ وہ کسی پاکستانی مولوی سے شادی کریں گی،کیا آپ ان سے شادی کے خواہش مند ہیں۔

اس پر مفتی قوی کا کہنا تھا کہ وہ حاضر ہیں، وہ ان سے ایک سوال کریں گےکہ کہیں وہ کسی کے نکاح میں تو نہیں ہیں۔

اس موقع پر مفتی قوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایک شرط پر راکھی ساونت سے شادی کریں گے، اگر میری والدہ مجھے اس کی اجازت دیں گی۔

مفتی قوی کا کہنا تھا کہ میری والدہ نے مجھے حکم دیا ہے کہ جو بھی نکاح کرنا ہے ان سے پوچھ کر کرنا ہے اور کسی کو اپنے نکاح کی تعداد نہیں بتانی۔

خیال رہے کہ تنازعات کے باعث خبروں میں رہنے والی 46 سالہ بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے چند روز قبل پاکستان میں شادی کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا سےگفتگو میں راکھی ساونت کا کہنا تھاکہ پاکستان دورے کے دوران مجھے شادی کے کئی پرپوزل ملے ۔

راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ انہوں نے جس شخص کو پسند کیا ہے ان کا نام دودی خان ہے جو کہ اداکار ہیں، پاکستان سے بہت رشتے آئے اور انہوں نے خود مجھے پرپوز کیا لیکن میں نے دودی خان کو منتخب کیا۔

بعد ازاں پاکستانی اداکار دودی خان نے راکھی ساونت سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں دودی خان نے پاکستان اور بھارت کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر آپ نے میری ایک ویڈیو دیکھی جس میں، میں نے راکھی ساونت کو پروپوز کیا تھا، میں نے انہیں اس لیے پروپوز کیا تھا کیونکہ میں اداکارہ کو اچھی طرح جانتا ہوں، جب میں نے انہیں جاننا شروع کیا تو مجھے لگا کہ وہ ایک ایسی انسان ہے جو خدا سے بہت پیار کرتی ہے، اس نے اپنی زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے، اس نے اپنے والدین کو کھو دیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'راکھی کی زندگی میں ایک لڑکا آیا، آپ سب جانتے ہیں کہ اس نے راکھی کے ساتھ کیا کیا، وہ بہت سارے صدموں سے باہر آئی ہے اور اس نے اسلام قبول کیا، عمرے کے لیے گئی اور اپنا نام فاطمہ رکھ لیا، مجھے یہ بہت پسند آیا اس لیے میں نے انہیں پروپوز کیا'۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے پاکستانی اداکار نے مزید کہا 'لیکن مجھے لگتا ہے کہ میرا یہ پروپوزل لوگوں کے لیے قابل قبول نہیں ہے کیونکہ مجھے بہت سارے پیغامات اور ویڈیوز موصول ہوئی ہیں اور جو میں برداشت نہیں کرسکتا'۔

دودی خان نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ 'راکھی جی، آپ میری بہت اچھی دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گی، آپ شاید میری دلہن نہ بن سکیں لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ پاکستان کی بہو بنیں گی، میں آپ کی شادی اپنے بھائیوں میں سے کسی ایک سے کروا دوں گا'۔

دودی خان کے اس ویڈیو پیغام کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ دودی خان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :