Time 04 فروری ، 2025
پاکستان

'ہم تو عاشق ہیں تمہارے نام کے'، عمران خان کے آرمی چیف کو خط پرعرفان صدیقی کا شاعرانہ تبصرہ

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو لکھےگئے خط پر شعر  پڑھ کر تبصرہ کیا ہے۔

جیو نیوز سےگفتگو میں عرفان صدیقی نے تبصرہ کرتے ہوئے مرزا غالب کا یہ شعر پڑھا۔

                                                   خط لکھیں گے گرچہ مطلب کچھ نہ ہو

                                                     ہم تو عاشق ہیں تمہارے نام کے،،،،،،،،

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے شبلی فراز کی تصویرکو دیکھ کر ہی فیصلہ کیا کہ شاعری کی زبان میں بات کی جائے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ  اس طرح کی خطوط نویسی اس وقت جنم لیتی ہے جب آپ کی مایوسی انتہا کو ہو،  کبھی آپ مذاکرات کی طرف بھاگتے ہیں کبھی کسی ملاقات کا کہتے ہیں، کبھی کہتے ہیں کہ ہمارا چینل کھل گیا ہے، کبھی 360صفحوں کا خط لکھ دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو 6 نکات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں پہلا نکتہ فراڈ الیکشن اور منی لانڈرز کو جتوانے سے متعلق ہے، دوسرا نکتہ 26 ویں آئینی ترمیم، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ متاثر ہونے پر ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی نے القادر ٹرسٹ کیس فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے۔

فیصل چوہدری نے کہا تھا کہ خط میں چوتھا نکتہ پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی کے پرچے، چھاپے اورگولیاں چلانے پر ہے جب کہ پانچواں نکتہ انٹیلی جنس اداروں کے کام سے متعلق ہے۔

فیصل چوہدری نے مزید کہا تھا کہ عمران خان نے خط میں آرمی چیف سے پالیسیاں تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔ 

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آرمی چیف کو لکھا گیا خط اب تک انہیں موصول نہیں ہوا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ میڈیا پر خبر سامنے آئی کہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی خط لکھا ہے۔

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ میں نے اب تک بانی پی ٹی آئی کا یہ خط پڑھا یا دیکھا نہیں لیکن اگر ان کی طرف سے خط پر رسپانس آتا ہے تو ہم خیرمقدم کریں گے۔


مزید خبریں :