Time 05 فروری ، 2025
دنیا

روس سے جنگ، یوکرین کا 45 ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

روس سے جنگ، یوکرین کا 45 ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ
جنگ میں 3 لاکھ 50 ہزار روسی فوجی مارے گئے جبکہ 6 سے 7 لاکھ کے درمیان روسی فوجی زخمی بھی ہوئے: صدر ولودو میر زیلینسکی/ فائل فوٹو

یوکرین کے صدر ولودو میر  زیلینسکی نے روس کے ساتھ جنگ میں 45 ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے اپنے ایک انٹرویو میں جنگ میں ہونے والی انسانی جانوں کے نقصان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فروری 2022 سے شروع ہونے والی اس جنگ میں یوکرین کے 45 ہزار 100 فوجی میدان جنگ میں اپنی زندگی ہار چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تین سالہ جنگ میں 3 لاکھ 90 ہزار کے قریب فوجی زخمی ہوئے، زخمی فوجیوں کی اصل تعداد اس لیے کم ہے کہ کچھ فوجیوں کو الگ الگ واقعات کے دوران متعدد زخم آئے۔

 زیلینسکی نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ اس وقت کتنے ہزار مرد جنگی قیدی ہیں جو کارروائی میں لاپتا ہیں۔

انٹرویو میں یوکرین کے صدر نے بتایا کہ یوکرین کے ساتھ جنگ میں تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار  روسی فوجی مارے گئے جبکہ 6 لاکھ سے 7 لاکھ کے درمیان روسی فوجی میدان جنگ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین کے جنرل اسٹاف کے اندازوں کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک کل 8 لاکھ 42 ہزار 930 روسی فوجی مارے گئے ہیں اور یہ تعداد مغربی انٹیلی جنس ذرائع کے مختلف اندازوں کے مطابق ہے۔

مزید خبریں :