Time 05 فروری ، 2025
پاکستان

وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ آزاد کشمیر، یادگار شہدا پر حاضری اور فاتحہ خوانی

وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ آزاد کشمیر، یادگار شہدا پر حاضری اور فاتحہ خوانی
جموں و کشمیر کا تنازعہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے، حق خودارادیت کے حصول تک غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے: وزیر اعظم شہباز شریف/ فوٹو ریڈیو پاکستان

 یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر  وزیر اعظم شہباز شریف  اور  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آزادی کشمیر میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

یاد گار شہدائے کشمیر پر شہباز شریف کے ہمراہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق بھی موجود تھے، تینوں نے یاد گار شہدائے کشمیر پر پھول رکھے اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی۔

بھارت تنازع کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا،بھارت تنازع کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے، بھارت اور خطے کے بہترین مفاد میں ہےکہ وہ 5 اگست 2019 کی سوچ سے باہر نکلے، کشمریوں کے آزادی کے نعرے کی شدت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، بھارت کو آج ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انہوں نے کشمیر میں چیلنجنگ آپریشنل حالات کے مقابلے میں تعینات افسروں، سپاہیوں اور جوانوں کی غیرمتزلزل لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے اور چوکس رہنے کو سراہا،  ساتھ ہی انہوں نے اشتعال انگیزی کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ آرمی چیف نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں یوم یکجہتی کشمیرپرکشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم  نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے اور رہے گا، حق خودارادیت کے حصول تک غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

ملک بھر میں  یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا

 یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر 7 دہائیوں سے بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو قو م کی جانب سے سلام پیش کیا گیا، اس دن کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گئیں جبکہ اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک بھی  ریلی نکالی گئی۔

 مظفر آباد کی آزادی چوک میں سائرن بجا کرایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، آزاد کشمیر کو پاکستان سے ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یکجہتی کا اظہار کیا گیا، اس کے علاوہ کوہالہ انٹری پوائنٹ پرپرچم کشائی کی تقریب میں فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں :