Time 06 فروری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

اُدت نارائن کی خاتون مداح کے ساتھ اسٹیج پر نامناسب حرکت، عرفی جاوید کا تبصرہ وائرل

اُدت نارائن کی خاتون مداح کے ساتھ اسٹیج پر نامناسب حرکت، عرفی جاوید کا تبصرہ وائرل
حال ہی میں عرفی کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہوا جس میں ان سے ادت نارائن کے تنازع پر سوال پوچھا گیا__فوٹو: اسکرین گریب

بالی وڈ کے سینئر گلوکار ادت نارائن کی جانب سے خاتون مداح کو اسٹیج پر بوسہ دینے کی حرکت پر اداکارہ عرفی جاوید بھی خاموش نہ رہ سکیں۔

حال ہی میں عرفی کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہوا جس میں ان سے ادت نارائن کے تنازع پر سوال پوچھا گیا، اس کے جواب میں اداکارہ نے مسکراتے ہوئے طنزیہ گنگنایا 'کس کس کو پیار کروں میں، کس کس کو دل دوں میں'۔

عرفی جاوید نے کہا 'ابھی ان کی عمر ہی ایسی ہے، وہ ابھی 69 برس کے ہوئے ہیں، اس عمر میں ہوتا ہے، آپ انہیں قصوروار نہیں ٹھہرا سکتے'۔

واضح رہے کہ ادت نارائن کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ 1994 میں ریلیز ہوئی فلم 'موہرا' کا مشہور گانا 'ٹپ ٹپ برس پانی' گارہے تھے کہ ایک خاتون مداح اپنے فون کے ساتھ اسٹیج کے قریب آئیں اور گلوکار کے ساتھ سیلفی لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ادت نارائن اسٹیج پر رہتے ہوئے نیچے کی جانب جھکے، خاتون کے سیلفی لیتے ہی گلوکار نے مداح کے لبوں پر بوسہ دے دیا جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین سمیت ادت نارائن کے مداحوں کی بھی حیرت کی انتہا نہ رہی۔

ویڈیو کے آن لائن منظر عام پر آنے کے بعد بہت سے لوگوں نے گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور گلوکار سے مطالبہ کیا کہ انہیں اپنے کیے پر شرمندگی کا احساس ہونا چاہیے اور معافی مانگنی چاہیے۔

جواب میں ادت نارائن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے اس عمل کا دفاع کیا اور کہا کہ ان کا یہ عمل محض ان کے مداحوں کے لیے پیار کا اظہار تھا۔ 

مزید خبریں :