06 فروری ، 2025
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت ایک بار پھر معطل کردی ہے۔
فیفا کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ پی ایف ایف اپنے آئین میں وہ ترامیم شامل کرنے میں ناکام رہی جو شفاف اور جمہوری انتخابات کو یقینی بنانے اور فیفا کے طے شدہ اصولوں کے مطابق پی ایف ایف کی نارملائزیشن کا عمل مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کرتیں۔
فیفا کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک پی ایف ایف کانگریس فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے پیش کردہ آئینی ترامیم کی منظوری نہیں دے دیتی۔
اس سے قبل فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے پی ایف ایف کو اپنے آئین میں ترامیم کرنے کی سفارش کی تھی، خاص طور پر انتخابی عمل سے متعلق شقوں میں تبدیلی کا کہا گیا تھا۔ تاہم پی ایف ایف کی منتخب کانگریس نے ان ترامیم کو مسترد کر دیا جس کے نتیجے میں یہ معطلی عمل میں آئی۔
یہ پہلی بار نہیں کہ پی ایف ایف کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اپریل 2021 میں بھی فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معطل کر دیا تھا ۔ اس وقت اشفاق حسین گروپ کی جانب سے پی ایف ایف دفاتر پر قبضہ تھا، یہ پابندی جون 2022 میں ختم ہوئی تھی ۔
فیفا کے فیصلے کے بعد پاکستان کی ٹیمیں کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی اس کے علاوہ، فیفا سے ملنے والی تمام مالی اور تکنیکی معاونت بھی معطل رہے گی۔