07 فروری ، 2025
بھارتی کی مقامی عدالت نے بالی وڈ اداکار سونو سود کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب کے شہر لدھیانہ کی عدالت نے مبینہ فراڈ کیس میں اداکار سونو سود کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لودھیانہ سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل راجیش کھنہ نے 10 لاکھ روپے کے فراڈ کا مقدمہ دائر کیا اور الزام لگایا کہ مرکزی ملزم موہت شکلا نے اسے جعلی سرمایہ کاری کرنے کا لالچ دیا۔
عدالت نے سونو سود کو اس کیس میں گواہی کے لیے طلب کیا تھا لیکن اداکار عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر لدھیانہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکار کے وارنٹ جاری کیے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ عدالت نے سونو سود کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور کیس کی مزید سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی۔