فیکٹ چیک: وزیر اعظم اسکیم کے تحت مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا فیک ویب لنک

متعدد آن لائن پوسٹس میں ایک لنک گردش کر رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کے ذریعے رجسٹریشن کرنے سے وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت مفت لیب ٹاپ ملے گا

وفاقی حکومت کی سرکاری ویب سائٹس gov.pk پر ختم ہوتی ہیں۔

متعدد آن لائن پوسٹس میں ایک لنک گردش کر رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کے ذریعے رجسٹریشن کرنے سے وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت مفت لیب ٹاپ ملے گا۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

18 جنوری کو، ایک صارف نے X (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کیا:

"بریکنگ نیوز: وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کے لیے درخواستیں وصول کر رہی ہے۔"

پوسٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ 88 ہزار سے زائد افراد پہلے ہی اس پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ حاصل کر چکے ہیں اور اس پوسٹ رجسٹریشن کے لیے ایک لنک بھی شامل تھا۔

فیکٹ چیک: وزیر اعظم اسکیم کے تحت مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا فیک ویب لنک

یہ لنک صارفین کو ایک ویب سائٹ پر لے جاتا ہے، جہاں ان سے ذاتی معلومات فراہم کرنے کے لیے کہا جاتا ہے، جن میں ان کا نام، تعلیمی پس منظر اور لیپ ٹاپ کا ماڈل شامل ہیں۔ 

ویب سائٹ کا URL  یہ ہے، https://ld1834.ba14.top/#1738560997856

فیکٹ چیک: وزیر اعظم اسکیم کے تحت مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا فیک ویب لنک
 وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کی مبینہ رجسٹریشن ویب سائٹ کا اسکرین شاٹ۔

یہ میسج واٹس ایپ، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر بھی پھیل چکا ہے۔

حقیقت

حکومتی عہدیداروں اور آزاد تجزیہ کاروں نے تصدیق کی ہے کہ یہ ویب سائٹ جعلی ہے۔

12 اگست 2023 کو وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک منصوبے کا اعلان کیا، جس کے تحت ملک بھر میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ، بشمول آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں 10 لاکھ اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔

تاہم، اس اعلان کے فوراً بعد، جعلی لنکس گردش کرنے لگے، جو جھوٹا دعویٰ کر رہے تھے کہ وہ حکومت کے پروگرام کے ذریعے لیپ ٹاپ فراہم کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل میڈیا ایگزیکٹو جنید چیمہ نےجیو فیکٹ چیک کو وضاحت دیتے ہوئے کہا: "وفاقی حکومت کے تمام اقدامات جو نوجوانوں سے متعلق ہیں، وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے شروع کیے جاتے ہیں۔ ہمارا کسی دوسرے پورٹل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔"

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستند سرکاری ویب سائٹس کا اختتام ہمیشہ .gov.pk پر ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں بائٹس فار آل (B4A) کے اوپن سورس انٹیلی جنس تجزیہ کار انیس قریشی نے اس فراڈ کی مزید تصدیق کرتے ہوئے کہا: "یہ واضح طور پر ایک فراڈ ہے۔ اگر یہ اصلی ہوتا، تو ڈومین کا اختتام .gov.pk پر ہوتا، لیکن ایسا نہیں ہے۔"

انیس قریشی نے وضاحت کی کہ یہ جعلی ویب سائٹس صارفین کو مفت لیپ ٹاپ جیسی آفرز کے ذریعے متوجہ کرتی ہیں تاکہ ان سے ٹریفک حاصل کی جا سکے، جسے بعد میں منافع کے لیے بیچ دیا جاتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی (MMfD) کے ٹیک لیڈ، جری اللہ شاہ نے مزید کہا: "تکنیکی تصدیق کی ضرورت نہیں ہے—یہ جعلی ہے۔ سرکاری حکومت کے پیغامات کبھی بھی ‘ad84.top’ جیسے ڈومین سے نہیں آئیں گے۔"

فیصلہ: آن لائن گردش کرنے والا لنک جو وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت مفت لیپ ٹاپ دینے کا دعویٰ کرتا ہے، ایک فراڈ ہے۔ وفاقی حکومت کی سرکاری ویب سائٹس کا اختتام gov.pk پر ہوتا ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرامgeo_factcheck @پر فالو کریں۔اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔