07 فروری ، 2025
چیئرمین پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن میں حصہ لینے والے ورکرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں 1500 سے زائد ورکرز نے شرکت کی۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم محمد رضوان نے بھی ظہرانے میں شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ورکرز کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور تمام ورکرز کا شکریہ بھی ادا کیا،محسن نقوی نے ٹیبل پر جاکر فرداً فرداً ورکرز سے گفتگو کی اور ان کے مسائل بھی پوچھے۔
چیئرمین پی سی بی نے ورکرز سے ٹک ٹاک کے بارے میں گفتگو کی اور پوچھا کہ ٹک ٹاک بناتے ہو؟ اس اسٹیڈیم نے ہر بندےکو ٹک ٹاک پر مشہور کر دیا ہے، تمام ورکرز نے محسن نقوی کے ساتھ بھی ٹک ٹاک بنائیں۔
ایک ورکر نے محسن نقوی سے کہا ٹک ٹاک نہیں بناتا، میرے پاس موبائل نہیں ہے، جس پر چیئرمین پی سی بی نے ورکر کو فوری طور پر نیا موبائل لےکر دینےکا وعدہ کر لیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا ورکرز کی محنت کے بغیر یہ سب ممکن نہیں تھا، وزیراعظم سے کہوں گا کہ ان ورکرز کے لیے ایوارڈز کا اعلان کریں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا تمام سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ کے لیے تمام ورکز کے لیے مفت ٹکٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا تمام مزدوروں کو ان کی کمپنیوں کی جانب سے مفت ٹکٹ دیے جائیں گے، ایل ڈبلیو ایم سی اور پی ایچ اے کے لوگ بھی کل مفت میچ دیکھیں گے، پی سی بی نے تمام مزدوروں کے لیے انکلوژرز بک کروا دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا اسٹیڈم مکمل ہو گیا، دعا کریں اللہ تعالیٰ پاکستان کو کامیابی نصیب کرے، محمد رضوان نیک نیت کپتان ہے، امید ہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں ہم چمپئنز ٹرافی ضرور جیتیں گے۔