Time 07 فروری ، 2025
کھیل

چیمپئنز ٹرافی: پی ایس ایل کی کس ٹیم سے سب سے زیادہ کھلاڑی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنے؟

چیمپئنز ٹرافی: پی ایس ایل کی کس ٹیم سے سب سے زیادہ کھلاڑی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنے؟
چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 19 فروری کو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کراچی میں کھیلا جائیگا/ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ پر سابق کرکڑز اور تجزیہ کار تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں، بلخصوص آل راونڈر فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور وکٹ کیپر بیڑ عثمان خان کے سلیکشن پر سوالات کیے جارہے ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں جب پاکستان ٹیم وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی، تب پاکستان کرکٹ میں 1992 ورلڈ کپ اور 2009 ٹی 20 ورلڈ کپ کی جیت کے بعد پاکستان کرکٹ کی اس سب سے بڑی فتح کو پی ایس ایل کے پاکستان کرکٹ کے منظر نامے پر ابھرنے کو قرار دیا جا رہا تھا۔

پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن 2016 میں منعقد ہوا تھا اور جب پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فاتح بن کر وطن لوٹا تو ایک عام تاثر یہی تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے پاکستان کرکٹ کو نئے ستارے ملے، جنھوں نے وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کو ایک بڑا عالمی اعزاز دلوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

یہ بات بھی یاد رکھنے کی تھی کہ پاکستان سپر لیگ 20 اوورز اور چیمپئنز ٹرافی 50 اوورز کا آئی سی سی ایونٹ ہے جب کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے پاکستانی اسکواڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان ہی ایسے کھلاڑی تھے جو پاکستان سپر لیگ کی پرفارمنس پر قومی اسکواڈ میں شامل ہوئے تھے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پاکستانی اسکواڈ پر نگاہ ڈالی جائے تو 15 رکنی ٹیم میں سب سے زیادہ 5 کھلاڑیوں کا تعلق ملتان سلطانز سے ہے جن میں وکٹ کیپر بیڑ کپتان محمد رضوان، عثمان خان، کامران غلام، طیب طاہر اور فاسٹ بولر محمد حسنین شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کی دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے 3 کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور جارح مزاج اوپنر فخر زمان جن کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بھی 3 ہی کھلاڑی منتخب ہوئے، ان میں آل راؤنڈر فہیم اشرف، سعود شکیل اور مسٹری اسپنر ابرار احمد شامل ہیں جبکہ پاکستان سپر لیگ 2025 کی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے 2 کھلاڑی آغا سلمان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ 

کراچی کنگز کے خوشدل شاہ اور  پشاور زلمی کے بابر اعظم ایک ایک کھلاڑی ہیں جو  آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنے۔ 

واضح رہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کررہا ہے اور چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 19 فروری کو  نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کراچی میں کھیلا جائیگا۔ 

مزید خبریں :