07 فروری ، 2025
وزیراعظم شہبازشریف نے نوتعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا۔
لاہور میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزرا، کرکٹرز اور شائقین نے شرکت کی۔ قذافی اسٹیڈیم میں ایل ای ڈی لائٹس کے نئے ٹاورز لگائے گئے ہیں اور اسٹیڈیم میں تمام انکلوژرز میں نئی کرسیاں لگائی گئیں ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں دو جدید اسکرینز نصب کی گئی ہیں اور قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام 117 دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرنو بہت ہی شاندارطریقے سے مکمل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں 117 دنوں میں ناممکن کام کو ممکن بنایا گیا، محسن نقوی کی عادت ہے جو اچھے کام کرتے ہیں ان کو لندن کی سیرکراتے ہیں، محسن نقوی کام کرنے والے ان 2500 افراد کولندن کی سیرکروائیں اور حوصلہ افزائی کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ شہبازاسپیڈ ماضی کی بات ہے اب محسن اسپیڈکی بات کرتا ہوں، ہمارے کھلاڑیوں نے اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا دل جیتاہے، چیمپئز ٹرافی قومی کھلاڑیوں کی جیت کی منتظرہے، آپ چیمپئنزٹرافی جیت کرنہ صرف پوری قوم کے ہیروز ہونگے بلکہ ہمسائیہ ملک کوشکست دے کر24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے۔
شہباز شریف نے کھلاڑیوں سے کہا کہ دبئی کے پاک بھارت میچ میں مجھے بھی آپ ساتھ لے چلیں، شاہین آفریدی آپ اپنے سسر کی پیروی کریں اور وکٹوں کے انبار لگادیں، یہ ٹرافی اللہ تعالی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے، 29 سال بعد بہت بڑا ایونٹ ہورہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب بہترین سکیورٹی فراہم کریں گی، شائقین کوبہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا، ہمارے فاسٹ بولرز بھارتی بیٹرز کو ٹف ٹائم دیں گے۔