07 فروری ، 2025
کراچی: پاکستانی لڑکے کی محبت میں امریکا سے کراچی آنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو جناح اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
اسپتال میں خاتون کے طبی معائنے کے لیے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا، میڈیکل بورڈ نے خاتون کو سفرکے لیے طبی طور پر فٹ قرار دیا ہے۔
خاتون کے اندر بائی پولر ڈس آرڈر کی تشخیص ہوئی تھی، خاتون کو او پی ڈی کی ریگولر دوائیں دے کر پولیس کی تحویل میں اسپتال سے بھیج دیا گیا ہے۔
اس سے قبل خبر آئی تھی کہ امریکی قونصلیٹ کے عملے نے امریکی خاتون کو وطن واپسی پر آمادہ کرلیا ہے۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ خاتون کو وطن واپسی کے لیے آمادہ کر لیا گیا ہے اور امریکی قونصل خانے کی طرف سے خاتون کے لیے ٹکٹ کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ نیویارک کی رہائشی امریکی شہری اونیجا اینڈریو رابنسن 11 اکتوبر کو نوجوان کی محبت میں پاکستان کے ایک ماہ کے سیاحتی ویزے پر کراچی آئی تھیں، ویزا ختم ہونے پر خاتون کو 10 نومبر تک کراچی سے جانا تھا مگر وہ واپس نہیں گئی اور کئی ماہ کراچی میں دربدر رہی۔
خاتون کا پاکستانی ویزا اور ریٹرن ٹکٹ ختم ہوگیا تھا اور خاتون نے وسط جنوری میں کراچی ائیرپورٹ کے اندر جانے کی کوشش کی تو سکیورٹی نے روک لیا تھا اور اے ایس ایف نے اسے ائیرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق گورنر سندھ کی مداخلت پر 27 جنوری کو 15 دن کیلئے ایگزٹ پرمٹ جاری کیا گیا اور ایک فلاحی ادارے نے خاتون کے امریکا کے ریٹرن ائیر ٹکٹ کا بندوبست کردیا تھا، خاتون کو 29 جنوری کو امریکا واپس بھیجنے کی کوشش کی گئی لیکن ائیرپورٹ پر تمام مراحل سے گزر کر خاتون نے اچانک واپس جانے سے انکار کردیا اور جہاز تک پہنچنے کے بعد ائیر لائن اسٹاف کو اسے زبردستی واپس بھیجنے کی شکایت کی جس پر ائیر لائن نے اسے آف لوڈ کردیا تھا۔
اہلکاروں کے سمجھانے کے باوجود خاتون ٹیکسی لےکر اس نوجوان کے گھر گارڈن پہنچ گئی اور کئی روز گارڈن میں نوجوان کے اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں قیام کیا۔
بعد ازاں امریکی خاتون کو پولیس نے ایک فلاحی ادارے کے حوالے کردیا تھا جہاں طبیعت ناساز ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، خاتون گزشتہ ہفتے سے جناح اسپتال میں سخت سیکورٹی میں زیر علاج تھیں۔