Time 09 فروری ، 2025
جرائم

کراچی: ڈیفنس میں بنگلے پر پولیس چھاپے کے دوران چونکا دینے والے انکشافات

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 خیابان مومن میں مغوی کی تلاش میں بنگلے پر  سی پی ایل سی اور  پولیس کے چھاپے کے دوران چونکا دینے والی باتیں سامنے آئیں۔

بنگلے سے فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس چار گھنٹے بعد صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہوئی، فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار  کر لیا گیا۔

فائرنگ کرکے ڈی ایس پی سمیت 2 پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے والے ملزم ارمغان قریشی نے بنگلہ ایک سال سے زائد عرصے سے کرائے پر لیا ہوا تھا، ملزم ارمغان قریشی اپنے ساتھ 30 سے 40 سکیورٹی گارڈز لے کر گھومتا تھا۔

ملزم ارمغان قریشی نے اپنی گاڑیوں پر ہری نمبر پلیٹ پر عسکری ادارے کا نام لکھا ہوا تھا، ملزم کے گھر سے کال سینٹر بھی پکڑا گیا ہے، ملزم کے گھر میں کال سینٹر کا پورا سرور لگا ہوا تھا، ملزم ارمغان قریشی نے گھر میں موشن ڈیٹیکٹر اور فلیش کیمرہ بھی لگایا ہوا تھا۔

پولیس کو بنگلے سے  ہزاروں کی تعداد میں بڑے اسلحے کی گولیاں بھی ملیں، برآمد گولیوں کی تعداد 10ہزار سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

گھر سے ایک امریکن اسنائپر ملی ہے، بنگلے سے 222 گن، ایس ایم جی اور ڈیجیٹل لاکر بھی ملا ہے۔ اس کے علاوہ بنگلے سے غیر ملکی شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس پہلے فلور  پر پہنچی تو ملزم نے دوسرے فلور سے فائرنگ کی، ملزم کو ہتھیار ڈالنے کے لیے پولیس نے اہلخانہ کے ذریعے مجبور کیا۔

ملزم ارمغان قریشی کچھ سالوں سے گھر والوں سے الگ رہ رہا تھا، ملزم سے پولیس مغوی نوجوان سے متعلق پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

مزید خبریں :