Time 09 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

بھارتی وی لاگر نے اپنے گنجے سر کو کمائی کا ذریعہ بنالیا

بھارتی وی لاگر نے اپنے گنجے سر کو کمائی کا ذریعہ بنالیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک وی لاگر نے اپنے گنجے سر کو ہی کمائی کا ذریعہ بنالیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ شفیق ہاشم گزشتہ ماہ اس وقت خبروں کی زینت بنے جب انہوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کرکے کمپنیوں کو ان کے گنجے سر پر اشتہار لگانے کی پیشکش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اب شفیق ہاشم کو ان کا پہلا اشتہار مل گیا ہے جو کہ دلچسپ طور پر بال ٹرانسپلانٹ کرنے والے  ایک مقامی ادارے کا ہے۔

ادارے کا اشتہار عارضی طور پر وی لاگر کے سر پر ٹیٹو کردیا گیا جو 3 ماہ تک موجود رہے گا، اس دوران شفیق کم از کم 3 یوٹیوب ویڈیوز بنائیں گے جن میں ان کے سر پر بنے اشتہار کو نمایاں کیا جائے گا۔ 

تین ماہ تک اس اشتہار کو اپنے سر پر لگائے رکھنے کے لیے شفیق کو 50 ہزار بھارتی روپے ملیں گے بعد ازاں ان کے سر پر موجود ٹیٹو مخصوص کیمیکلز کے ذریعے مٹایا جاسکے گا۔

شفیق کو امید ہے کہ انہیں مستقبل میں اس سے اچھی پیشکش بھی ہوگی، انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا میں پہلی مرتبہ کسی نے اپنے سر کو بل بورڈ کے طور پر استعمال کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شفیق نے اُس وقت اپنے سر کو بل بورڈ کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جب انہوں نے بال لگوانے کا سوچا، انہوں نے کہا کہ گنج پن ایک قدرتی چیز ہے اور اسے قبول کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :