10 فروری ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے بیان کو امریکی شہریوں کی اکثریت نے مسترد کر دیا۔
امریکی میڈیا کے پول کے مطابق 47 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے منصوبے کو برا قرار دے دیا۔
پول میں 13 فیصد نے ٹرمپ کے بیان کی حمایت کی اور 40 فیصد امریکیوں نے اس حوالے سے واضح رائے نہیں دی۔
پول کے مطابق صدر ٹرمپ کے حماس اسرائیل تنازع سے نمٹنے کے طریقہ کار کی 54 فیصد امریکیوں نے حمایت اور 46 فیصد نے مخالفت کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کی جانب سے قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا، ہم اس کے مالک ہوں گے۔ جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ میں غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتا ہوں، ہم غزہ کو ترقی دیں گے۔علاقے کے لوگوں کے لیے ملازمتیں دیں گے ، شہریوں کو بسائیں گے۔
ٹرمپ کے اعلان پر اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کی مخالفت کی تھی اور دو ریاستی حل پر زور دیا تھا۔