Time 11 فروری ، 2025
دنیا

ٹرمپ نے اسٹیل اور المونیم کی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف لگادیا

ٹرمپ نے اسٹیل اور المونیم کی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف لگادیا
اسٹیل اور المونیم درآمدات پر ٹیرف تمام ممالک پر لاگو ہوگا اور کسی کو رعایت یا استثنا نہیں ملے گا، امریکی صدر/ فائل فوٹو 

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیل اور المونیم کی درآمدات پر 25 فیصدٹیرف لگادیا۔ 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام ممالک سے امریکا درآمد ہونے والی اسٹیل اور المونیم پر 25 فیصد ٹیرف (ٹیکس) لگانے کے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کردیے۔

اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں اسٹیل اور المونیم اپنے ملک میں بنانے کی ضرورت ہے ناکہ باہر ممالک میں، یہ بہترین وقت ہے کہ ہماری صنعتیں امریکا واپس آئیں، ہم انہیں واپس لانا چاہتے ہیں۔ 

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی صنعت کو دوست اور دشمن دونوں ممالک نے یکساں طور پر نقصان پہنچایا، ہمیں اپنے ملک کے مستقبل کے لیے ان چیزوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ  اسٹیل اور المونیم مصنوعات کی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف تمام ممالک پر لاگو ہوگا اور کسی کو رعایت یا  استثنا نہیں ملے گا۔ 

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ماہ کے آغاز میں بھی کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد اشیاء پر 25 فیصد جب کہ چین سے امریکا بھیجی جانے والی اشیا پر 10 فیصد ٹیرف (ٹیکس) عائد کیا تھا۔

امریکی ٹیرف کے جواب میں کینیڈا اور میکسیکو کی جانب سے بھی امریکی درآمدات پر جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر بعد ازاں صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک پر لگائے گئے ٹیرف ایک ماہ کے لیے روکنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کینیڈا اور میکسیکو نے بھی اپنے اعلانات واپس لے لیے تھے۔

 دوسری جانب ٹرمپ نے چین پر لگایا گیا ٹیرف واپس نہیں لیا تھا جس کے جواب میں چین نے بھی اپنے ٹیرف لگانے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ 

مزید خبریں :