11 فروری ، 2025
چین میں ایک شہری کی دل کا دورہ پڑنے کے باوجود ملازمت پر جانے کی ضد دیکھ کر لوگوں کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔
چینی میڈیا کے مطابق صوبہ ہنان میں 4 فروری کو ایک شہری ملازمت پر جانے کے لیے ٹرین میں سوار ہونے کے لیے ریلوے اسٹیشن میں لگی لائن میں کھڑا تھا جہاں اسے اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ گر پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ شخص کی مدد کے لیے کئی لوگ اور ایک ڈاکٹر فوراً پہنچے، 20 منٹ بعد اس شخص کو ہوش آیا اور اس نے سب سے پہلے کہا کہ مجھے جلدی کام پر پہنچنا ہے، میں اسپتال جانا ضروری نہیں سمجھتا۔
موقع پر موجود ایک ڈاکٹر نے شہری پر زور دیا کہ وہ پہلے اسپتال جائے کیونکہ اسے گرنے کی وجہ سے بھی چوٹیں آئی ہیں، پہلے وہ شخص انکار کرتا رہا پھر سمجھانے کے بعد وہ اسپتال جانے کے لیے رضامند ہوگیا۔
اس سارے واقعے نے چین میں سیکڑوں لوگوں کو حیران کر دیا جب کہ کئی افراد اس شخص پر افسوس بھی کر رہے ہیں۔
انٹرنیٹ پر ایک صارف نے کہا ہے کہ اس شخص نے اٹھنے کے بعد سب سے پہلے پیسے کمانے کا سوچا۔
ایک شخص نے لکھا کہ وہ آدمی اس معاشرے میں اکیلا نہیں ہے، ہم میں سے اکثر لوگوں کو گھر کے کرائے سے لے کر بچوں کی تعلیم تک بہت زیادہ بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔