11 فروری ، 2025
بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما اور سنیل گروور کی لڑائی کوئی راز نہیں، سنیل گروور کامیڈی شو میں اپنے کرداروں گتھی اور ڈاکٹر مشہور گلاٹی کے لیے خاصے مقبول ہیں۔
2018 میں کپل کے ساتھ سنیل گروور کی ایک بدترین لڑائی ہوئی جس نے دونوں فنکاروں کی راہیں ایک دوسرے سے جدا کردیں، دونوں آسٹریلیا میں ایک شو سے واپس آرہے تھے کہ ان میں گرما گرم بحث ہوئی جس کے بعد سنیل نے کپل کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیا۔
کپل اور سنیل 6 سال سے بات نہیں کر رہے تھے تاہم وہ پچھلے سال نیٹ فلکس پر دی گریٹ انڈین کپل شو کے لیے دوبارہ اکٹھے ہوئے۔
اب کپل شو کا حصہ راجیو شکلا نے سنیل کی غیر موجودگی کی وجہ سے کپل کو مالی نقصان کی خبروں پر ردعمل میں کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ سنیل اس شو کی جان تھے تو غلط نہ ہوگا۔
راجیو شکلا نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کون نہیں لڑتا؟ اگر ان کی لڑائی اتنی ہی سنجیدہ تھی تو وہ آج بھی کیسے آپس میں مل رہے ہیں اور شوٹنگ کر رہے ہیں؟ پیسہ آپ کو ایک ساتھ کام کرنے پر مجبور کر سکتا ہے لیکن اگر آپ سیٹ پر ماحول کا مشاہدہ کریں گے، تو آپ دیکھیں گے کہ وہ (کپل اور سنیل) حقیقی طور پر ایک دوسرے کی کمپنی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اداکار اور کامیڈین نے مزید دعویٰ کیا کہ کپل اور سنیل دونوں نے ایک دوسرے سے لڑنے کے بعد اپنے اپنے کیرئیر کے حوالے سے جدوجہد نہیں کی یعنی دونوں میں سے کسی کو کسی قسم کا مالی نقصان نہیں اٹھانا پڑا۔